بنگلورو،4؍مئی(ایس او نیوز) 12مئی کو ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لئے بلاری میں سابق وزیرجناردھن ریڈی کے انتخابی مہم چلانے پر سپریم کورٹ نے روک لگادی ہے۔ جناردھن ریڈی پر غیر قانونی کانکنی کے متعدد مقدمات ہیں اور فی الوقت وہ ضمانت پر رہاہوئے ہیں اسی لئے عدالت نے انہیں ہدایت دی ہے کہ وہ اپنی پارٹی کے کسی بھی امیدوار کے حق میں مہم نہ چلائیں۔ عدالت نے جناردھن ریڈی کی طرف سے انتخابی مہم چلانے کی اجازت طلب کرتے ہوئے دائر کی گئی عرضی کو آج مسترد کرتے ہوئے فیصلہ سنایا کہ جناردھن ریڈی فی الوقت اسی شرط پر ضمانت پر رہا ہوئے ہیں کہ وہ بلاری نہیں جائیں گے۔اسی لئے بلاری میں ان کے داخلے اور انتخابی مہم چلانے پر جو پابندی عائد ہے وہ برقرار رہے گی۔ عدالت نے واضح کیا ہے کہ بلاری میں جناردھن ریڈی کو انتخابی مہم چلانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ان کے بھائی سوم شیکھر ریڈی جو بلاری حلقے سے بی جے پی امیدوار ہیں ان کے حق میں جناردھن ریڈی نے انتخابی مہم چلانے کی اجازت مانگی تھی۔ حالانکہ بی جے پی کے قومی صدرامت شاہ نے یہ بیان دیا کہ جنادرھن ریڈی سے بی جے پی کا کچھ لینا دینا نہیں ہے۔ اس کے باوجود بھی چترادرگہ کے مولکالمرو اسمبلی حلقے میں جناردھن ریڈی اپنے دوست سری راملو کے حق میں انتخابی مہم چلانے میدان میں اترے ہیں۔